’کورونا وائرس سے بچنے کے لیے کموڈ کا ڈھکن بند کر کے فلش کرنا چاہیے
بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے حوالے سے ہدایات روزانہ کی بنیاد پر اپ ڈیٹ ہو رہی ہیں۔ جوں جوں نئی تحقیقات آ رہی ہیں، اس موذی وائرس کے پھیلنے کے نئے طریقے سامنے آ رہے ہیں۔ اب چینی سائنسدانوں نے نئی تحقیق میں ٹوائلٹ کے متعلق بھی متنبہ کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ٹوائلٹ استعمال کرنے کے بعد اس کا ڈھکن بند کرکے فلش کریں کیونکہ اس سے بھی آپ کو کورونا وائرس لاحق ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے ہسپتالوں میں داخل کورونا وائرس کے 73مریضوں کے پاخانے کے ٹیسٹ کیے جن میں ثابت ہوا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ شخص کے پاخانے میں بھی وائرس ہوتا ہے جو کموڈ سے دوسروں میں منتقل ہو سکتا ہے۔ جب ہم فلش کرتے ہیں تو غالب امکان ہوتا ہے کہ پاخانے میں موجود وائرس ہوا میں شامل ہو جائے اور پھر سانس کے ذریعے کسی شخص کے جسم میں چلا جائے۔ چنانچہ اس سے بچنے کے لیے کموڈ کا ڈھکن بند کرکے فلش کریں۔ واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین پہلے ہی ٹوائلٹ، تولیے اور دیگر ایسی چیزوں سے خبر دار کر چکے ہیں کہ ان سے وائرس آپ کو منتقل ہو سکتا ہے۔
No comments: